ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کیلئے حکومتی سہولیات تک رسانی کو مزید آسان بنائیں وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی (NITB) کی امور پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی طرف سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کےلیے بھرپور تیاریوں پر وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم کا جلد جائزہ اجلاس لوں گا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کے نئے سی ای او کی تعیناتی کے بعد ادارے کے پورے ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کھولنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ نئے ایپ کا جلد اجراء کیا جائے گا ۔ اسپتالوں میں سروس کی بروقت اور بہتر فراہمی کے لیے ون پیشنٹ ون آئی ڈی کا مربوط نظام تیاری کے اخری مراحل میں ہے۔ اس نظام سے اسپتالوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور مریضوں کی اچھی دیکھ بھال ہو سکے گی. مزید بتایا گیاکہ بگ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کے لیے انالیٹکس ڈیش بورڈ بھی جلد تیار کیا جا رہا ہے۔ این آئی ٹی بی 145 سے زائد سرکاری ویب سائٹس ، 126 سے زائد پورٹلز ، 31 سے زائد موبائیل فون ایپلی کیشنز چلا رہی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلی سرکاری افسران موجود تھے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *