پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت نئی دہلی میں منعقد ہونے والے تہذیبی مکالمے میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ایس سی او تہذیبی مکالمے کا تصور ستمبر 2025 میں چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران پیش کیا گیا تھا جسے بعد ازاں تنظیم کے فورم پر آگے بڑھایا گیا۔اس اقدام کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی مشترکہ تہذیبی وراثت، تاریخ، فنون، ادب اور ثقافتی روایات کے تبادلے کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم اور عوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے جہاں تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت ایس سی او کے فریم ورک میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان نے اس شرکت کے ذریعے بین الثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور رکن ممالک کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ایک علاقائی تنظیم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، سلامتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینا ہے۔تنظیم کے 10 رکن ممالک میں پاکستان، چین، بھارت، روس، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔یہ مکالمہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی برقرار ہے تاہم دونوں ممالک ایس سی او کے کثیرالجہتی پلیٹ فارم پر تنظیمی سرگرمیوں میں شریک رہے ہیں۔ پاکستان اگست 2027 میں ایس سی او کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا

