پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے اور گزشتہ 40 سال سے افغان بھائیوں کی خدمت کی گئی، تاہم اس بھائی چارے کا مناسب صلہ نہیں ملا۔ پشین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے افغان بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں قتل و غارت بند کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کی موجودگی میں کسی کو بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ایران میں اسرائیل کی جانب سے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، سرفراز بُگٹی نے پشین کو ڈویژن بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے میں اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔ لوگوں کے شکوک و شبہات کے برعکس صوبے کے کونے کونے میں جا کر تعلیم، صحت اور امن کے لیے لگن سے کام کریں گے۔
