پاکستان نیوز پوائنٹ
ملک بھر میں آج 78 واںیوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اسی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر میں ملک کی سلامتی، ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔اس موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے 91 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے۔یہ دستہ دو حصوں پر مشتمل تھا.جس میں پاک بحریہ کے سیلرز اور نیوی کے کیڈٹس شامل تھے جبکہ چار خواتین کیڈٹس بھی گارڈ کا حصہ تھیں، جو قوم کی بیٹیوں کے عملی کردار کا مظہر ہیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کموڈور تصور اقبال نے مزار پر حاضری دی. فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کیے۔
