پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ کے علاقے سرہ ڈاکئی میں نہتے مسافروں کے سفاکانہ قتل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے فتنۃ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو پاکستانی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا ایک ناقابل معافی جرم ہے جس کا جواب سخت، فیصلہ کن اور فوری ہوگا میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے انسانیت نہیں بلکہ بزدلی اور درندگی کی بدترین مثال پیش کی ہے۔ بلوچستان کی مٹی میں بہایا گیا بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان تباہ کرنے کی ہر کوشش کو طاقت، اتحاد اور قومی عزم سے کچلا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو عناصر بلوچستان کی ترقی، استحکام اور یکجہتی کے دشمن ہیں، ان کا خاتمہ ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان دشمنوں کے لیے قبرستان بنے گا اور ملک دشمنوں کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں دی جائے گی
