پاکستان نیوز پوائنٹ
دریائے ستلج میں آنے والے شدید سیلاب کے باعث ضلع قصور کے سرحدی علاقے گنڈا سنگھ والا اور گردونواح کے درجنوں دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں پنجاب رینجرز نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور امدادی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق، اب تک 6890 افراد اور 1024 مویشیوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے۔ سیلابی پانی میں گھرے علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں رینجرز کے جوان اور دیگر امدادی ادارے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔پنجاب رینجرز کی ٹیمیں ریسکیو 1122 کو دور دراز دیہات تک پہنچنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں تاکہ کوئی متاثرہ شخص امداد سے محروم نہ رہ جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، رینجرز اہلکار سڑکوں کی مرمت اور آمدورفت کے راستوں کی بحالی کے کاموں میں بھی ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دے رہے ہیں۔رینجرز کی قیادت سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور آبپاشی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بدستور جاری ہے، اور رینجرز حکام نے یقین دلایا ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ متاثرہ افراد کو فوری اور موثر مدد فراہم کی جائے۔
