پاکستان نیوز پوائنٹ
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمید عبداللہ الرمیثی کو پیر کے روز ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔صدر سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ان کی ’شاندار خدمات اور کردار کے اعتراف‘ میں دیا گیا ہے۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ کمانڈر کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو دونوں ممالک کی تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی علامت ہیں۔پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ صدر مملکت نے یو اے ای کی بحریہ کا پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت پر اعتماد کو سراہا، اور مستقبل میں مزید تعاون میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے اماراتی ہم منصبوں کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔صدر زرداری نے یہ بھی اجاگر کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان غیر معمولی اور مثالی تعلقات ہیں جو عوامی روابط سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد یو اے ای کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’کمانڈر الرمیثی نے صدر کو بتایا کہ ان کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، کیونکہ انہوں نے کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی سے گریجویشن کرتے ہوئے 4 سال ملک میں گزارے ہیں‘۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اپنے دورے کے دوران، میجر جنرل الرمیثی نے راولپنڈی میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے پریس ریلیز میں بتایا کہ دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ معاملات پر تفصیلی بات چیت کی اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی جیو اسٹریٹجک ماحول کا جائزہ لیا۔دونوں فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے لیے دو طرفہ دفاعی اور سلامتی کے تعاون بشمول سمندری شعبے میں تعاون کے اہم کردار پر زور دیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر جنرل الرمیثی نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار اور کامیابیوں، ساتھ ہی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں، یو اے ای مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ترسیلات زر کا بڑا ذریعہ ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن مقیم اور کام کر رہے ہیں۔
