حکومت نے گھریلو استعمال کیلئے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اُٹھالی

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزرا علی پرویز ملک اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویزملک نے کہا کہ وفاقی کابینہ کےاجلاس میں اہم فیصلےہوئے، کابینہ اجلاس میں میجرعدنان اسلم شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ انہوں ںے کہا کہ ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ علی پرویزملک نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہوگی۔ طارق فضل چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وفاقی کابینہ نے فوری موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کابینہ نے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان حکومتوں سے مشاورت ہوگی۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ وزیراعظم جلد چاروں وزرائےاعلیٰ سے میٹنگ کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان اور چین کی دوستی نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 سے گھریلو صارفین کے گیس کنکشن پر پابندی عائد تھی، آج وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کنکشن دیئے جائیں گے، گیس کنکشن نہ ہونے سے جو مشکلات تھیں اب وہ دور ہو جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *