پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ چار برسوں کے دوران 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ ہے.کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ موصول ہونے والی 25,304 درخواستوں میں سے 8,990 کو منظوری دی جا چکی ہے، جن کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے زائد ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے پروگرام کے فریم ورک اور ہاؤسنگ فنانس سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق یہ ایک سبسڈی پر مبنی ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے، جس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ اس قرض پر 5 فیصد مارک اپ رکھا گیا ہے، جبکہ ادائیگی کی مدت 20 سال مقرر کی گئی ہے اور فنانسنگ تناسب 90:10 ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ بینکوں کے تحفظات کم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور مارگیج فنانس کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ اب بھی بہت حد تک غیر ترقی یافتہ ہے، جسے بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات، مؤثر قوانین اور سازگار ریگولیٹری ماحول کی ضرورت ہے تاکہ مالیاتی ادارے گھروں کے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کر سکیں۔
