پارٹی میں کم ہوتی مقبولیت برطانوی وزیراعظم کا پیر کو مستعفی ہونے کا امکان

پاکستان نیوز پوائنٹ
برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کیئر سٹارمر پارٹی کے اندر تیزی سے کم ہوتی مقبولیت کے باعث عہدے سے مستعفی ہونے کی تیاری کر رہے ہیں، جبکہ امکان ہے کہ اینڈی برنہم ان کی جگہ بلا مقابلہ پارٹی کی قیادت اور وزارت عظمیٰ سنبھالیں گے۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر عہدیدار نے بتایا کہ وزیراعظم کیئر سٹارمر کو احساس ہو رہا ہے کہ ان کیلئے سیاسی صورتحال مشکل ہو چکی ہے اور وہ اپنی سیاسی میراث کو محفوظ بنانے کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخاب میں اینڈی برنہم کی کامیابی کے بعد کابینہ کے کئی وزرا کے مؤقف میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس کے نتیجے میں سٹارمر نے اقتدار میں برقرار رہنے کے اپنے سابقہ ارادے پر نظر ثانی شروع کر دی ہے۔کیئر سٹارمر کے قریبی لیبر پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ سٹارمر ممکنہ طور پر پیر کو رخصتی کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں کیونکہ اب پارلیمانی پارٹی میں ان کی حمایت صرف چند قریبی دوستوں اور ساتھیوں تک محدود رہ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اینڈی برنہم کو 300 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے جس کے باعث ان کے حامیوں کا خیال ہے کہ وہ بغیر کسی قیادت کے چناؤ کے باقاعدہ مقابلے کے پارٹی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔اس صورت حال کے پیش نظر متعدد سینئر کابینہ ارکان وزیراعظم پر زور دے رہے ہیں کہ وہ قیادت کیلئے مقابلہ کرنے کی بجائے اقتدار سے منظم انداز میں علیحدگی کا ٹائم ٹیبل پیش کریں۔ایک حکومتی ذریعے نے کہا ہے کہ اگر سٹارمر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ نہ کیا تو حکومت کو اجتماعی استعفوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، اسی وجہ سے کیئر سٹارمر انتقال اقتدار کا منصوبہ پیش کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *