وزیراعظم شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے بعد استنبول روانہ

پاکستان نیوز پوائنٹ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈرآیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔مرحوم سپریم لیڈر 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔پی ایم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم، جو آج ہی تہران پہنچے تھے، اپنے سرکاری دورۂِ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔تہران آمد پر ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی، تہران میں پاکستان کے سفیرعمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی میت گرینڈ مصلیٰ میں رکھی گئی ہے،جہاں 100 سے زائد ممالک کے وفود مرحوم کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لیے شریک ہو رہے ہیں۔نمازجنازہ کے اجتماعات 4 سے 6 جولائی تک تہران میں اور 7 جولائی کو قم میں ہوں گے جبکہ 8 جولائی کو جسد خاکی عراق لے جایا جائے گا جہاں نجف اور کربلا میں نماز جنازہ کے اجتماعات ہونگے۔ پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی جبکہ 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *