پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاک امریکا شراکت داری نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی سطح پر ہمیشہ نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے،آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کی اقدار مشترک ہیں، امریکا کے 250 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے حکومت پاکستان ِ اور پاکستانی عوام کی جانب سے امریکی عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا کی تاریخ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے ثابت قدمی، جدت اور عزم سے عبارت ہے،آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کی اقدار مشترک ہیں۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا قیام بھی آزادی اور جمہوریت کی انہی اعلیٰ اقدار کے تحت معرضِ وجود میں آیا،پاک امریکا تعلقات گزشتہ آٹھ دہائیوں سے وقت کی مُتعدد آزما ئشوں پر پورےاترے ہیں، پاک امریکا شراکت داری نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی سطح پر ہمیشہ نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ متعدد امکانات کی روشنی میں پاک امریکا شراکت داری کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے،دونوں ممالک کا شمار آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ملکوں میں ہوتا ہے، دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان حالیہ کثرتِ روابط اور مختلف امور پر یکساں نقطہ نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو دیرپا شراکت داری کے حوالے سے خوش آئند ہے۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ دیرپا اور سود مند شراکت داری کے فروغ کے لئے معدنیات،توانائی،آئی ٹی اور زراعت جیسے اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری،تجارت پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،معاشی تعاون پر مبنی شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈالنے اور دونوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے پر پاکستانی امریکی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،اس موقع پر سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے امریکی عوام کے لئے سراج نارسی اور انکی ٹیم کی جانب سے پاکستانی روایتی سازوں پر مرتب کردہ امریکی قومی ترانہ کا شاندار تحفہ پیش کیا۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستانی روایتی سازوں پر مرتب کردہ امریکی قومی ترانے کا یہ تحفہ پاک مضبوط امریکہ تعلقات کے ماضی ، حال اور درخشاں مستقبل کا آئینہ دار ہے۔سیاحتی گائیڈ پاکستان
