ماشکیل میں مزدوروں کے قتل پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا سخت ردعمل دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا عزم

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ماشکیل میں نہتے پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والے صرف پنجابی مزدور نہیں بلکہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے اپنے بھائی تھے۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کسی ایک صوبے یا قومیت پر نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، آئین اور ریاست پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے اصل عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد کسی حق کی جدوجہد نہیں بلکہ دہشت، نفرت، خونریزی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید فیصلہ کن ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے سامنے نہ کبھی جھکا ہے اور نہ جھکے گا، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *