پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں، جبکہ حکومت قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروباری شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی کے لیے اقدامات قومی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو مالی وسائل تک آسان اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ اُنہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کیا جائے جنہیں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو بینک قرض فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313 ارب 42 کروڑ روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45 ارب 43 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جارہا ہے جو رہن کی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔ اس نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا، جبکہ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی شامل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔بریفنگ کے مطابق اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم ایک کھرب 26 ارب 80 کروڑ روپے رہا، جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 2 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’زرخیز‘‘ ایپ کے ذریعے آسان قرضوں کے لیے اب تک 35 ہزار 838 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 7 ارب 35 کروڑ روپے کے قرضے منظور کیے گئے جبکہ ایک ارب 96 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔بریفنگ کے مطابق اگست 2026 تک چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے شعبے کو بینکوں کی جانب سے ایک کھرب 6 ارب 70 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔ ایکسیس ٹو فنانس پلان کے تحت جون 2028 تک اس شعبے کے لیے قرضوں کا ہدف بھی 2 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ایس ایم ای ڈی اے نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک ہزار 96 چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو مالیاتی امور سے متعلق تربیت بھی فراہم کی ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب اور ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، پاکستانی بینکوں کے صدور و چیف ایگزیکٹو افسران اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
