پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان نے تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے زیر کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے 48.2 اوورز میں 7 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیتے ہوئے 99 گیندوں پر 127 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے سعد بیگ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 149 رنز کی قیمتی شراکت داری کی۔ سعد بیگ نے 75 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔بعدازاں فخر زمان نے سلمان علی آغا کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے مزید 57 رنز کا اضافہ کیا، تاہم وہ 220 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔فخر زمان کے پویلین واپس جانے کے بعد سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس موقع پر عرفات منہاس اور حسن نواز نے ذمہ داری سنبھالی اور ساتویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔عرفات منہاس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے، تاہم ان کی اننگز کا اختتام کیچ آؤٹ ہونے پر ہوا، جبکہ فہیم اشرف بھی میدان میں اترنے کے بعد کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے۔
