پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کی 31ویں کانفرنس (COP-31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 10 سے 12 نومبر 2026 تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کررہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم 11 نومبر 2026 کو عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرہ ارض کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مستحکم، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی کی ضرورت پر بھی گفتگو کریں گے۔ دورے کے دوران ان کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے عالمی ایجنڈے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔ یہ دورہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کے اعادے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
