پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور تفریحی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران بین الاقوامی معیار کی فرموں کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے تحت فائیو سٹار ہوٹلز کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ ای او بی آئی کے اشتراک سے تیار ہونے والے فائیو سٹار ہوٹل منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے زیرو ٹیکس پر مبنی نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسلام آباد کے تمام رقبے اور پراپرٹی کا مکمل سروے، سروے آف پاکستان کے ذریعے کرایا جائے گا۔محسن نقوی نے آئندہ تمام آکشنز کے لیے باقاعدہ مارکیٹنگ ٹیم تعینات کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔مزید برآں، اجلاس میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے کنٹرول روم کو سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
