پاکستان نیوز پوائنٹ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ تین قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قراردادیں جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کے لیے سلامتی کی یقین دہانیوں، علاقائی اسلحہ کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق قرارداد بغیر ووٹنگ کے منظور کی گئی، جبکہ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق قرارداد کے حق میں 180 ووٹ ڈالے گئے۔اس سے قبل جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی کے خلاف تحفظ فراہم کرنے سے متعلق قرارداد بھی 122 ووٹوں سے منظور ہوئی۔ اس قرارداد کے خلاف کوئی ووٹ نہیں پڑا۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں علاقائی تخفیف اسلحہ، روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے۔ ان قراردادوں کا مقصد عالمی اور علاقائی سطح پر خطرات کم کرنا، باہمی اعتماد بڑھانا اور امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
