بلیو منڈے کیا ہے؟ سال کا سب سے اداس دن قرار دیے جانے کی دلچسپ حقیقت

پاکستان نیوز پوائنٹ
ہر سال جنوری کے تیسرے پیر کو بلیو منڈے کہا جاتا ہے، جسے دنیا بھر میں سال کا سب سے اداس دن قرار دیا جاتا ہے۔ رواں سال یہ دن 19 جنوری کو منایا گیا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ اصطلاح کسی طبی تحقیق یا ذہنی صحت کے ادارے کی جانب سے متعارف نہیں کروائی گئی۔ دراصل بلیو منڈے کا تصور 2005 میں برطانیہ کی ایک ٹریول کمپنی اسکائی ٹریول نے مارکیٹنگ کے مقصد کے تحت پیش کیا تھا تاکہ موسم سرما میں سفری پیکجز کی فروخت بڑھائی جا سکے۔اس تصور کے مطابق جنوری کے تیسرے پیر کو لوگ کرسمس اور نئے سال کی خوشیوں کے خاتمے، مالی دباؤ، سرد موسم اور نئے سال کے وعدے پورے نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ اداسی محسوس کرتے ہیں۔ اسی بنیاد پر اس دن کو اداس ترین دن قرار دیا گیا۔ بعد ازاں دنیا بھر کی ٹریول کمپنیاں اس موقع پر ساحلی علاقوں اور دھوپ والے مقامات کے سفری پیکجز کی تشہیر کرتی ہیں۔تاہم ذہنی صحت کے اداروں نے بلیو منڈے کے تصور کو غیر سائنسی قرار دیا ہے۔ برطانیہ کی مینٹل ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مطابق کسی ایک دن کو سال کا سب سے اداس دن کہنا درست نہیں، کیونکہ ایسی کوئی مستند سائنسی تحقیق موجود نہیں جو اس دعوے کی تصدیق کرے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں اداسی یا عارضی ڈپریشن مختلف افراد کو مختلف اوقات میں متاثر کرتا ہے، اس لیے اسے کسی ایک دن سے جوڑنا درست نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *