پاکستان نیوز پوائنٹ
وزارتِ ریلوے نے قومی اسمبلی میں کراچی سے پشاور تک 1726 کلومیٹر طویل مین لائن (ایم ایل) ون ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا تفصیلی منصوبہ پیش کردیا ہے۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق یہ میگا منصوبہ 5 مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس پر مجموعی طور پر 6.66 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 480 کلومیٹر طویل کراچی تا روہڑی ریلوے سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب رواں سال متوقع ہے۔ وزارتِ ریلوے کے مطابق کراچی تا روہڑی سیکشن کی تعمیراتی لاگت تقریباً 2 ارب ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ اس مرحلے کو 3 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں 449 کلومیٹر طویل روہڑی تا ملتان ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس پر ایک ارب 26 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ وزارت نے بتایا کہ یہ مرحلہ بھی 3 سال میں مکمل ہوگا، تیسرے مرحلے میں 334 کلومیٹر طویل ملتان تا لاہور سیکشن کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق اس حصے پر تقریباً 88 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جبکہ اسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ چوتھے مرحلے کے تحت لاہور تا راولپنڈی ریلوے ٹریک کو جدید بنایا جائے گا۔
