مائیکروسافٹ کا ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

پاکستان نیوز پوائنٹ
مائیکروسافٹ نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا، ایکس باکس اور سیلز کے شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔تفصیلات کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اخراجات کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت ملازمین کی بڑے پیمانے پر برطرفی کا فیصلہ کرلیا۔کمپنی ذرائع نے بتایا کہ اس نئی کٹوتی سے کمپنی کے مختلف شعبوں بشمول سیلز، کنسلٹنگ، اور مشہورِ زمانہ ‘ایکس باکس’ گیمنگ ڈویژن میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین متاثر ہوں گے۔کمپنی کی جانب سے ان برطرفیوں کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔یہ نئی کٹوتی مائیکروسافٹ کی مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار ورک فورس کے تقریباً 2.5 فیصد سے کم حصے کو متاثر کرے گی، یہ گزشتہ سال کی جانے والی برطرفیوں کے مقابلے میں نسبتاً کم ہوگا۔ایکس باکس گیمنگ کی نئی چیف ‘آشا شرما’ کی جانب سے ملازمین کو بھیجے گئے ایک حالیہ میمو کے بعد سے ہی ان برطرفیوں کی توقع کی جا رہی تھی۔کمپنی گیمنگ ڈویژن کے آپریشنز کا نئے سرے سے جائزہ لے رہی ہے، جس کے تحت یہ بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔مائیکروسافٹ کی جانب سے نوکریاں ختم کرنے کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر اپنے اخراجات اور سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ کر رہی ہے، اور اسے متوازن رکھنے کے لیے روایتی آپریشنل اخراجات کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔مائیکروسافٹ کو وال اسٹریٹ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے خدشے کا سامنا ہے کہ AI مستقبل میں روایتی سافٹ ویئر سروسز کی جگہ لے سکتا ہے، اسی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ میں مائیکروسافٹ کے شیئرز میں 19 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے، جو ڈاٹ کام دور کے بعد کمپنی کی بدترین ماہانہ کارکردگی ہے۔مائیکروسافٹ نے رواں سال کے شروع میں امریکا میں اپنے ملازمین کے لیے ایک رضاکارانہ ریٹائرمنٹ پروگرام بھی متعارف کرایا تھا۔ اس پروگرام کے لیے تقریباً 9,000 ملازمین اہل تھے، جن میں سے ایک تہائی نے کمپنی کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے خود نوکری چھوڑ دی تھی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *