پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ داتا دربار پاکستان کی روحانی عظمت اور تہذیبی ورثے کی درخشاں علامت ہے۔یہ بات انہوں نے داتا دربار میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اسحاق ڈار نے داتا دربار پر جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کو بیحد سراہا اور مزار کے روحانی و معماری حسن کو مزید اجاگر کرنے کے لیے تیار کردہ خطاطی کے مجوزہ مسودے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں سینئر رکن بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، منتظم داتا دربار محمد علی خان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غسل پروگرام کی بھی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زائرین اور عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے مثالی اور مربوط انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ روحانی تقریب کے دوران آنے والے زائرین کو پرسکون، منظم اور روح پرور ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رکن بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ پنجاب حکومت داتا دربار کی تاریخی و روحانی عظمت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ منصوبوں کی تکمیل اعلی معیار، باریک بینی اور بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کی جا رہی ہے تاکہ زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف داتا دربار پر صفائی، روشنی، تحفظ، رہائش اور ہجوم کے موثر انتظامات سمیت متعدد فلاحی اور ترقیاتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غسل پروگرام کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کی بہترین میزبانی اور سہولت کے لیے غیرمعمولی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
