پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کے پاسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں جدید ترین مانیٹرنگ نظام ”شکرا‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس انقلابی قدم کے بعد پاکستان کا پاسپورٹ سسٹم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہو گیا ہے جس سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کی درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘شکرا’ سسٹم (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بیسڈ ریسپونس انالیٹکس) ایک ایسا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ ہے جو پاسپورٹ بننے کے ہر مرحلے کی خودکار نگرانی کرے گا۔ یہ نظام دفاتر میں غیر معمولی رش، پرنٹنگ میں تاخیر اور مشینری کی صورتحال کی فوری نشاندہی کرے گا جبکہ انسانی مداخلت کو ختم کرنے کے لیے جدید جرمن مشینیں نصب کر دی گئی ہیں جن سے پرنٹنگ کی استعداد کار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔محسن نقوی نے اس موقع پر اہم اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی مکمل ڈیجیٹل کر دیا ہے، جبکہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے 24/7 کال سنٹر اور مانیٹرنگ روم بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مانیٹرنگ روم، فرانزک لیب اور پروڈکشن یونٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز اب بین الاقوامی ہوا بازی کے ادارے (ICAO) کے مقررہ معیار کے عین مطابق ہیں۔وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اصل مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کرنا ہے۔ نئے نظام کی بدولت اب شہری اپنے پاسپورٹ کے ہر مرحلے کی معلومات حاصل کر سکیں گے، جس سے محکمے میں شفافیت آئے گی اور کرپشن یا ایجنٹ مافیا کا راستہ مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔ تقریب میں ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
