اسرائیل کی وحشیانہ بمباری یمن کا آخری فعال مسافر طیارہ بھی تباہ کردیا۔

پاکستان نیوز پوائنٹ
اسرائیلی جارحیت نے یمن کو ایک اور کاری ضرب لگائی ہے، صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی جانے والی وحشیانہ فضائی بمباری میں یمن کی قومی ایئرلائن کا آخری فعال مسافر طیارہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر خالد الشریف نے تباہ شدہ طیارے کی ویڈیو جاری کردی، جس میں شعلوں اور دھوئیں میں لپٹا مسافر جہاز واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔خالد الشریف نے کہا کہ یہ طیارہ یمن کی قومی ایئرلائن کا واحد فعال جہاز تھا، جو اب مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہوچکا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کو نہ صرف یمن کے شہری ہوابازی نظام پر حملہ قرار دیا بلکہ اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی کہا۔اس جارحیت کے خلاف ردعمل میں حوثی تحریک کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے اسرائیل کے اس فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ صنعا ایئرپورٹ پر حملہ اسرائیلی جارحیت کی تازہ مثال ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کی حمایت کرنے والے ممالک اور تحریکوں کو دبانا ہے۔عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ ان کی فورسز اسرائیلی جارحیت اور اس کے پشت پناہوں کو بھرپور جواب دے رہی ہیں اور یہ مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینی قوم کو انصاف نہیں ملتا۔یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن نہ صرف داخلی بحران کا شکار ہے بلکہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے سبب مغرب اور اسرائیل کی نظریں بھی اس پر مرکوز ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *