پاکستان نیوز پوائنٹ
روس میں 22 سالہ نوجوان انرجی ڈرنکس کے حد سے زیادہ استعمال کے باعث چلنے کی صلاحیت کھو بیٹھا۔ سینٹ پیٹرز برگ کے رہائشی آرٹیم کو کمپیوٹر گیمز کے دوران جاگتے رہنے کے لیے ان مشروبات کی عادت تھی، جو وقت کے ساتھ خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر وہ روزانہ ایک بوتل پی کر دن گزارتا تھا، لیکن جلد ہی یہ مقدار بڑھ کر خالی پیٹ 3 سے 5 بوتلیں روزانہ تک پہنچ گئی۔ ایک روز شدید پیٹ درد، الٹی اور متلی کی کیفیت کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پینکریاٹائٹس یعنی لبلبے کی سوزش کی تشخیص کی۔ علاج کے باوجود صورتحال بگڑتی گئی اور لبلبے میں سسٹ بن گئی۔ تیسری بار اسپتال میں داخل ہونے پر حالت تشویشناک ہو چکی تھی، لبلبے میں پیورلینٹ نیکروسس یعنی سوجن زدہ ٹشوز پیدا ہوگئے جس سے جسم میں زہر پھیل گیا اور آرٹیم کی ٹانگیں مفلوج ہوگئیں۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان اس وقت بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے اور دوبارہ چلنے کی تربیت لے رہا ہے۔ صحت ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انرجی ڈرنکس کا حد سے زیادہ استعمال، خصوصاً خالی پیٹ، لبلبے، دل اور خون کی شریانوں کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
