پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان نے سعودی عرب میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت اور ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حوثی حملوں کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حملوں کی فوری اور غیر مشروط بندش کا مطالبہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان نے سعودی عرب میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثی حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے اور سعودی حکام کی چوکسی اور فوری ردعمل کو سراہا ہے۔ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ سعودی عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک ٹاور پر حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔پاکستان نے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی مملکت اور اس کے دفاع و خودمختاری کے تحفظ کے حق کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 10 سے 12 نومبر 2026 تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کی 31ویں کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی توثیق کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے جاری علاقائی کوششوں کو اجاگر کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے مکہ معاہدے کے رکن ممالک کی جانب سے امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے سلسلے میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 31 کے سربراہی اجلاس میں پاکستان میں شمسی توانائی کے تیزی سے فروغ اور قابل تجدید توانائی کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے عالمی فورم کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جاری کوششوں سے آگاہ کیا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت خبردار کرنے والے نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کی کانفرنس میں شرکت عالمی موسمیاتی ایجنڈے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون میں پاکستان کے عزم کا اظہار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے 15 اور 16 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس کامیابی سے منعقد کیا۔اجلاس کا موضوع علاقائیت کا احیا، مضبوط اور مستحکم ای سی او تھا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان اور ای سی او سیکریٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران رکن ممالک کے ساتھ دوطرفہ روابط بڑھانے اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس کے موقع پر ایران، تاجکستان، ترکیہ اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور کثیرالجہتی عالمی فورمز پر رابطہ کاری کے امور زیر بحث آئے۔اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور ایشیا میں اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سِکا) کے سیکریٹری جنرلز سے بھی ملاقاتیں کیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ای سی او، او آئی سی اور سِکا کے پلیٹ فارمز کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

