پاکستان نیوز پوائنٹ
اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کے بعد دو عرب مسلمان رہنما، احمد طیبی اور ولید طہٰ کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) کے عبوری ڈپٹی اسپیکرز منتخب ہوگئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق کنیسٹ کی انتظامی کمیٹی نے پیر کو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نو ارکان کی بطور ڈپٹی اسپیکر تقرری کی منظوری دی۔ووٹنگ کے دوران احمد طیبی کی تقرری پر نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور انتہائی دائیں بازو کی اتحادی جماعتوں نے اعتراض کیا اور نو امیدواروں کی فہرست کے خلاف ووٹ دیا۔دوسری جانب گادی آئزن کوٹ، یائر لاپید اور نفتالی بینیٹ سمیت اپوزیشن اور دیگر مخالف سیاسی بلاکس کے نمائندوں نے فہرست کی حمایت کی.جس کے بعد ووٹنگ کے نتیجے میں تمام 9 امیدوار منتخب ہوگئے۔اسرائیلی پارلیمانی نظام میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرز مل کر ’پریزیڈیم‘ کہلاتے ہیں۔ یہ باڈی پارلیمانی کارروائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کی منظوری کے بغیر ایوان کا ہفتہ وار ایجنڈا طے نہیں ہو سکتا اور نہ ہی پارلیمان میں بل پیش کیے جا سکتے ہیں۔اسرائیلی پارلیمنٹ کے قواعد کے مطابق ایوان میں 9 ڈپٹی اسپیکرز کی تقرری کی جاتی ہے۔ڈپٹی اسپیکرز کی تقرری کے لیے الگ الگ ووٹ لینے کے بجائے ایک ہی فہرست پر مشترکہ ووٹنگ کرائی جاتی ہے۔یہی وجہ سے حکومتی اتحاد کی مخالفت کے باوجود احمد طیبی اور ولید طہٰ سمیت تمام امیدوار منتخب ہوگئے، جن میں لیکوڈ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے نامزد ارکان بھی شامل تھے۔احمد طیبی عرب سیاسی جماعت ’تعل‘ کے سربراہ ہیں اور 1999 سے کنیسٹ کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ولید طہٰ عرب جماعت ’رعام‘ کے رہنما ہیں، وہ 2019 سے مسلسل پارلیمان کے رکن ہیں اور حال ہی میں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔رعام ابتدا میں عرب سیاسی اتحاد ’جوائنٹ لسٹ‘ کا حصہ تھی، تاہم 2021 میں اس نے اتحاد سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ماضی میں بھی عرب مسلم ارکانِ پارلیمان ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔اسرائیلی پارلیمنٹ میں ڈپٹی اسپیکرز کا انتخاب 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔انتخابی نتائج کے مطابق وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے سیاسی بلاک نے 120 رکنی کنیسٹ میں 53 نشستیں حاصل کیں، جبکہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں قائم بلاک کو 48 نشستیں ملیں۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیں۔نیتن یاہو اور آئزن کوٹ، دونوں میں سے کوئی بھی بلاک حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔ اس طرح حکومت سازی کے عمل میں عرب جماعتوں کی حمایت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔انہیں حکومت بنانے کے لیے ممکنہ طور پر 14 روز کی توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔ اگر وہ مقررہ مدت میں حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو کنیسٹ کے کسی دوسرے رکن کو حکومت تشکیل دینے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔

