تھائی لینڈ کا مشہور سیاحتی مقام آتشزدگی کی لپیٹ میں 11 افراد جان سے گئے

پاکستان نیوز پوائنٹ
تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ میں ایک تجارتی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے، جبکہ آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق واقعہ پیر کی علی الصباح سیاحتی علاقے پٹونگ میں پیش آیا، جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 17 منٹ پر ایک تجارتی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ عمارت میں ریسٹورنٹ، کرائے پر رہائش کی سہولت اور موٹرسائیکل کرائے پر دینے کی دکان قائم تھی۔آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور قریبی کئی عمارتوں تک پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔فوکٹ پولیس کے سربراہ سوراچائی سوکسائی نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے قریب نصب بجلی کا ٹرانسفارمر آگ لگنے سے کچھ دیر پہلے دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد میں آتشزدگی کو جان بوجھ کر لگانے کے کوئی آثار سامنے نہیں آئے۔فوکٹ کے گورنر چوڈنارِن کوئڈسوم نے بتایا کہ عمارت میں موجود موٹرسائیکل کرائے پر دینے کی دکان میں تقریباً 100 موٹرسائیکلیں موجود تھیں۔ اس کے علاوہ وہاں گیس، انجن آئل، پلاسٹک کا سامان اور ٹائر بھی رکھے ہوئے تھے۔گورنر کے مطابق یہ تمام چیزیں آگ پکڑنے والا سامان تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت میں زہریلا اور گہرا دھواں بھر گیا۔حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 16 افراد میں 15 تھائی شہری جبکہ ایک میانمار کا باشندہ شامل ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی غیر ملکی سیاح ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا. جہاں انہیں دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری اور ٹوٹے ہوئے شیشوں سے لگنے والی چوٹوں کا علاج فراہم کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *