بلوچستان سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 21 دہشت گرد ہلاک 6 جوان شہید

پاکستان نیوز پوائنٹ
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع چاغی اور ضلع پشین میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسوز نے ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں پیش آنے والے متعدد واقعات پر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر جوابی کارروائیاں کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ تفتان ہائی وے پر مسافروں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی. تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مربوط حملے کے ذریعے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی. تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرکے انہیں مزید جانی نقصان پہنچایا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا منہ بولتا ثبوت تھا. جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 6 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا، گرد و نواح کے علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیںدوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف زرداری اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں 21 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطنِ عزیز کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔وزیرداخلہ نے کارروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کسٹمز افسران سمیت 6 بہادرسپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے جانیں قربان کرکے کسٹم ہاوس پر حملہ ناکام بنایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *