پاکستان نیوز پوائنٹ
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب کو بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا بین الاقوامی برادری کا متفقہ مطالبہ ہے۔ چینی سرکاری بیان کے مطابق فون پر گفتگو کے دوران وانگ یی نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ساحلی ملک کی حیثیت سے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق کا احترام کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی اور آمدورفت کا تحفظ بھی یقینی ہونا چاہئے، عالمی برادری چاہتی ہے کہ آبنائے میں معمول کی آمدورفت بحال کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال جنگ اور امن کے درمیان ایک نازک مرحلے پر پہنچ چکی ہے۔ ان کے بقول امن کا موقع پیدا ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وانگ یی کو بتایا کہ ایران پرامن مذاکرات کے ذریعے ایک معقول اور حقیقت پسندانہ حل تلاش کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کو تیار ہے۔
