پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کو یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شجاعت کی لازوال مثال میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے اپنے لہو سے دلیری کی عظیم داستان رقم کی۔محسن نقوی نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات، بسالت اور حب الوطنی کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے بی آر بی نہر پر دشمن کی پیش قدمی روک کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 1965ء کی جنگ میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر لاہور کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جیسے جری اور بہادر سپوت قوم کا فخر اور سر کا تاج ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ارضِ پاک کی حرمت پر جان نثار کرنے والے شہدائے وطن کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں، جبکہ عددی اعتبار سے بڑے دشمن کے سامنے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی مردانہ وار جرات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے وطن کا مقدس لہو ہی ملک کی سلامتی، بقا اور خودداری کی اصل ضمانت ہے، جبکہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
