پاکستان نیوز پوائنٹ
واشنگٹن سے جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے اور جنگ کے دوران 8 طیارے گرائے جانے کا تذکرہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر پاک بھارت جنگ نہ روکی جاتی تو لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی تھیں اور اندازے کے مطابق 10 سے 20 ملین افراد مارے جا سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر کہا کہ آپ نے کروڑوں زندگیاں بچائیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اقوام متحدہ کسی بڑی جنگ کو رکوانے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کے متبادل کے طور پر قائم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنا چاہیے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ گرین لینڈ سے متعلق ایسا قدم اٹھایا جائے گا جس سے نیٹو اور امریکا دونوں مطمئن ہوں۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے جی سیون اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
