پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان نے خلیجی خطے میں فوجی اشتعال انگیزی اور غیر قانونی حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، شہریوں اور تجارتی جہاز رانی کے تحفظ اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کی بحالی پر زور دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ’’خلیج کی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر اس کے اثرات، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحری سلامتی کو لاحق خطرات کے تناظر میں‘‘ خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے خلیجی برادر ممالک اور وسیع تر خطے کی سلامتی پر مرتب ہونے والے اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر شاہ نے واضح کیا کہ ان ممالک کی سلامتی اور خوشحالی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے خلاف حملوں کی دوٹوک مذمت کی اور ان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت سعودی عرب کے خلاف حملوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کی، جن میں شہری تنصیبات اور قانونی تجارت میں مصروف بحری جہازوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے، انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، شہری بنیادی ڈھانچے، بشمول ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ آبنائے ہرمز اور باب المندب کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر سید حیدر شاہ نے خبردار کیا کہ بحری آمدورفت کو لاحق خطرات اور تجارتی جہازوں پر حملوں سے ملاحوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ رہی ہیں، بین الاقوامی تجارت متاثر ہو رہی ہے اور توانائی و خوراک کے عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے، بالخصوص کمزور معیشتوں کے لیے یہ صورتحال زیادہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے بحری جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے احترام، تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کے تحفظ، معمول کی بحری آمدورفت کی بحالی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کیے جانے والے امدادی سامان کی محفوظ اور بلا رکاوٹ ترسیل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے علاقائی تنازعات اور عدم استحکام کی بنیادی وجوہات کا حل ضروری ہے، اس مقصد کے لیے انہوں نے مشترکہ سلامتی، پُرامن بقائے باہمی اور باہمی خوشحالی پر مبنی علاقائی نظام تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے واضح کیا کہ مستقبل کا راستہ مکالمے اور سفارت کاری سے ہی نکلنا چاہئے، انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ حملے بند کریں، رابطے کے ذرائع کھلے رکھیں اور علاقائی اقدامات اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی مصالحتی کوششوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے خطے اور اس سے آگے کشیدگی میں کمی، بحری سلامتی اور پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے برادر اور دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا

