ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار

پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ کراچی سے لاہور، جھنگ، قصور، گھوٹکی اور مانسہرہ سمیت مختلف شہروں میں بازاروں اور اہم مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور سبز و سفید روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ شہری بھی جشنِ آزادی کا سامان خریدنے میں مصروف ہیںکراچی میں یومِ آزادی کے حوالے سے خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ شہر کی مشہور جھنڈا گلی میں قومی پرچم، سبز و سفید جھنڈیاں، بیجز، جیولری، ملبوسات اور دیگر جشنِ آزادی کا سامان شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ نوجوان اور بڑے بھی بڑی تعداد میں خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ یومِ آزادی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائیں گے اور اپنے گھروں کو قومی پرچم اور سبز و سفید جھنڈیوں سے سجائیں گے۔ بچوں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے، جبکہ والدین بھی بچوں کی فرمائشیں پوری کرنے کے لیے مختلف اشیا خرید رہے ہیں۔لاہور میں بھی 14 اگست کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے مختلف مقامات کو سبز و سفید برقی قمقموں سے سجا دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹھوکر انٹری پوائنٹ، ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور اطراف سمیت مختلف مقامات پر قومی پرچم اور برقی روشنیاں نصب کی گئی ہیں۔ایل ڈی اے ہیڈکوارٹر جوہر ٹاؤن، ایونیو ون اور دیگر دفاتر کے علاوہ ظہور الٰہی گول چکر، اڈا پلاٹ اور ایل ڈی اے سٹی کو بھی سبز و سفید روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ پارکنگ پلازوں اور دیگر اہم مقامات پر بھی جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے نجی ہاؤسنگ اسکیموں اور کمرشل املاک کو بھی سبز و سفید روشنیوں اور قومی پرچموں سے سجانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب میں جشنِ آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 300 سے زائد تقریبات کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ 28 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہوں گے۔پنجاب پولیس کے مطابق 306 ایلیٹ ٹیمیں، 177 کیو آر ایف ٹیمیں، 911 موٹر سائیکل ٹیمیں اور 829 پولیس گاڑیاں پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دیں گی۔ سکیورٹی چیکنگ کے لیے 128 واک تھرو گیٹس اور 1122 میٹل ڈٹیکٹرز بھی استعمال کیے جائیں گے۔ لاہور میں 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جشنِ آزادی کی سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر بھی سکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور انٹیلی جنس ادارے بھی سکیورٹی انتظامات کے لیے متحرک رہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، روڈ بلاک کرنے اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون اور تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے جشنِ آزادی منائیں۔ضلع مانسہرہ میں بھی جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ضلع کی مرکزی تقریب بالاکوٹ میں منعقد ہوگی، جبکہ ناران میں آنے والے سیاح یومِ آزادی کے موقع پر دریائے کنہار کے صاف و شفاف پانی میں رافٹنگ ریس اور آتش بازی کے مقابلوں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ جشنِ آزادی کی تعطیلات کے پیش نظر سیاحوں کی ناران آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، جبکہ دکانوں اور بازاروں کو قومی پرچموں سے سجایا جا رہا ہے۔قصور میں بھی جشنِ آزادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ شہر میں مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کے سامان کے اسٹالز سج گئے ہیں جہاں شہری، خصوصاً بچے، قومی پرچم اور بیجز خرید رہے ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث جشنِ آزادی کا سامان خریدنے کے لیے انہیں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔جھنگ میں بھی یومِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں کے اسٹالز سج گئے ہیں۔ قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، بچوں کے کھلونے اور دیگر جشنِ آزادی کی اشیا شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ بچے اور نوجوان اپنی پسند کا سامان خریدنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹالز کا رخ کر رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر شہریوں کی جانب سے قومی پرچم اور دیگر اشیا کی خریداری میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور وہ مختلف سامان مناسب منافع پر فروخت کر رہے ہیں۔گھوٹکی میں بھی جشنِ آزادی کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ بچے، نوجوان اور بزرگ قومی پرچم اور بینرز کی خریداری میں مصروف ہیں، جبکہ مختلف بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں جاری یہ تیاریاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ یومِ آزادی کے موقع پر شہری اپنے وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جہاں تقریبات اور اہم مقامات کی سجاوٹ کا سلسلہ جاری ہے، وہیں شہریوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *