پاکستان نیوز پوائنٹ
پنجاب حکومت نے عوامی شکایات اور معاشی دباؤ کے پیشِ نظر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد بھاری جرمانوں (چالان) میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام نے نئی تجاویز پر مبنی سمری تیار کر لی ہے جو جلد منظوری کے لیے کابینہ کو پیش کی جائے گی۔، جرمانوں کی شرح میں حالیہ اضافے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے ان جرمانوں پر نظرِ ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔نئی پالیسی کے تحت موٹر سائیکل سواروں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے جرمانوں کی رقم میں واضح کمی کی جائے گی۔ خصوصاً ہیلمٹ کی پابندی اور معمولی ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد بھاری جرمانے کم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت چالان کی ادائیگی کے نظام کو مزید آسان بنانے اور شہریوں کو موقع پر ہی رعایت دینے کے طریقہ کار پر بھی غور کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی حتمی منظوری کے بعد اس فیصلے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد پورے صوبے میں نئے اور کم جرمانوں کا اطلاق ہوگا۔صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ جرمانوں کا مقصد شہریوں کو سزا دینا نہیں بلکہ ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانا ہے، اور موجودہ معاشی حالات میں بھاری چالان عوام پر اضافی بوجھ ثابت ہو رہے تھے۔
