پاکستان نیوز پوائنٹ
چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں قائم ایک ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ نے حال ہی میں 22580 ڈرونز پر مشتمل شاندار لائٹ شو پیش کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔گزشتہ چند برسوں سے چینی کمپنیاں رات کے وقت دلکش لائٹ شوز کے ذریعے بیک وقت سب سے زیادہ ڈرونز اڑانے کے عالمی ریکارڈ توڑتی آ رہی ہیں۔گزشتہ سال جون میں چونگ چنگ کی ایک کمپنی نے 11,787 ڈرونز ایک ساتھ اڑا کر ریکارڈ قائم کیا تھا. تاہم یہ ریکارڈ چند ہی ماہ بعد ٹوٹ گیا جب ایک اور ڈرون کمپنی نے 15847 ڈرونز بیک وقت اڑا ئے۔لیکن یہ ریکارڈ بھی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا کیونکہ رواں سال فروری میں گوانگ ڈونگ کی ایک کمپنی نے 22,580 اے آئی سے چلنے والے ڈرونز کے شاندار مظاہرے کے ساتھ نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔3 فروری 2026 کو چین کے صوبہ انہوئی کے شہر ہیفی کے شہریوں نے تاریخ کے سب سے متاثر کن لائٹ شوز میں سے ایک کا نظارہ کیا۔ چینی ڈرون بنانے والی کمپنی ایھینگ ایگرٹ نے 22580 ڈرونز فضا اڑائے اور انہیں اے آئی پر مبنی ’’سوارم انٹیلیجنس‘‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک ہی یونٹ کی طرح کنٹرول کیا۔اس حیران کن شو کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ ڈرونز کی اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود کوئی بھی ڈرون آپس میں نہیں ٹکرائے۔آسمان پر تین جہتی چینی لالٹینیں، شہری مناظر اور دیگر پیچیدہ ڈیزائنز بنائے گئے،جو چین کی جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا مظاہرہ تھے۔اگرچہ تقریباً 25 ڈرونز اڑان بھرنے میں ناکام رہے. تاہم باقی 22580 ڈرونز نئے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے کافی تھے۔اس طرح کے شاندار لائٹ شوز کا مقصد چین کو ڈرون ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما کے طور پر مضبوط کرنا ہے تاہم عسکری ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ طاقت کے اظہار کا ایک ذریعہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ڈرون سوارم ٹیکنالوجی نظریاتی طور پر جنگ میں بھی استعمال ہو سکتی ہے جہاں کم قیمت اے آئی کنٹرولڈ ڈرونز کی بڑی تعداد دشمن کے جدید دفاعی نظام کو ناکارہ بنا سکتی ہے۔
