چین میں ہولناک سیلاب سانپوں کا فارم پانی میں ڈوب گیا سینکڑوں زہریلے سانپ فرار

پاکستان نیوز پوائنٹ
جنوبی چین میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث سانپوں کے افزائشی فارمز ڈوب گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کوبرا سمیت سینکڑوں زہریلے سانپ فرار ہو کر رہائشی علاقوں میں پھیل گئے ہیںچینی سرکاری میڈیا کے مطابق طوفان ’میساک‘کے باعث ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے صوبے گوانگشی کے شہر ہینگژو میں قائم سانپوں کے ایک بڑے فارم کو شدید متاثر کیا، جہاں سے سیکڑوں سانپ سیلابی پانی کے ساتھ نکل گئے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں مقامی لوگوں کو جالیوں کی مدد سے سانپ پکڑتے اور گدلے پانی میں خطرناک کوبرا سانپوں کو تیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مفرور سانپوں میں آبی سانپوں اور چوہے کھانے والے سانپوں کے علاوہ انتہائی زہریلے کوبرا، کریٹ اور گرین پٹ وائپر بھی شامل ہیں۔سیلاب اور سانپوں کے نکلنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور اب تک متعدد دیہاتیوں کو سانپوں کے ڈسنے کے باعث اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک شہری کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسپتال میں زیر علاج ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے گراؤنڈ فلور سے ملبہ صاف کر رہا تھا کہ اچانک ایک کوبرا نے اسے ڈس لیا۔ انتظامیہ نے ہینگژو پیپلز اسپتال میں سانپ کے کاٹے کے علاج کے لیے ایمرجنسی وارڈ قائم کر کے اینٹی وینم کی سپلائی بڑھا دی ہے۔دوسری جانب، چین کے مختلف حصوں میں طوفان اور سیلاب نے بھاری تباہی مچائی ہے، جہاں مختلف حادثات اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 38 ہو چکی ہے، جبکہ 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔چینی صدر شی جن پنگ نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سانپ پناہ کی تلاش میں گھروں، سیڑھیوں اور عمارتوں کے کونوں میں چھپ سکتے ہیں، لہذا عوام انتہائی احتیاط برتیں اور انہیں خود پکڑنے سے گریز کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *