اردو نیوز اپڈیٹس

اگر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو منگل کے روز ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں پر قیامت ڈھا دی جائے گی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے پہاڑوں میں انتہائی مشکل اور خطرناک آپریشن کر کے اپنے لاپتہ اور شدید زخمی پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران کو انتہائی سخت اور نازیبا الفاظ میں دھمکی دی ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو منگل کے روز ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں پر قیامت ڈھا دی جائے گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری دو مختلف بیانات میں ایران میں گرنے والے امریکی لڑاکا طیارے کے دوسرے گمشدہ پائلٹ کو کامیابی سے ریسکیو کرنے کا دعویٰ اور ساتھ ہی انتہائی نازیبا زبان کا استعمال کیا۔اپنے پہلے پیغام میں لاپتہ امریکی پائلٹ کے ریسکیو آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ’ہم نے ایران کے پہاڑوں سے شدید زخمی اور انتہائی بہادر ایف 15 کے عملے کے رکن کو ریسکیو کر لیا ہے جو کہ کرنل ہیں‘۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں اور جنگی اثاثوں کو سنگین خطرات کی وجہ سے اس قسم کے آپریشن شاذ و نادر ہی کیے جاتے ہیں۔ ایرانی فوج بڑی تعداد میں ان کی تلاش میں سرگرم تھی اور ان کے بہت قریب پہنچ چکی تھی۔انہوں نے بتایا کہ یہ دوسرا ریسکیو مشن تھا جو پہلے پائلٹ کو دن دیہاڑے نکالنے کے بعد کیا گیا اور اس غیر معمولی آپریشن کے دوران امریکی فورسز نے 7 گھنٹے ایران کی فضاؤں میں گزارے۔انہوں نے فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پیر کی دوپہر ایک بجے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں فوجی قیادت کے ہمراہ اس حوالے سے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔واضح رہے کہ ایرانی فوج نے ایران میں گمشدہ پائلٹ کی تلاش کے لیے کیے گئے ریسکیو مشن کے دوران امریکی فوج کے دو سی 130 جہاز، دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور امریکی حکام کے گمشدہ پائلٹ کو ریسکیو کرنے کے دعوے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔اپنے دوسرے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی۔آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سخت نازیبا اور گالی نما الفاظ استعمال کیے اور لکھا کہ منگل کا دن ایران میں ’پاور پلانٹ ڈے‘ اور ’برج ڈے‘ (پلوں کو نشانہ بنانے کا دن) ہوگا۔ ایران نے ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔امریکی صدر نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ آبنائے ہرمز کھولو، ورنہ تم جہنم میں پہنچا دیے جاؤ گے، بس دیکھتے جاؤ‘۔حیران کن طور پر امریکی صدر نے اپنے اس شدید غصے اور گالیوں پر مبنی دھمکی آمیز پیغام کے بالکل اختتام پر ”اللہ کی حمد و ثنا“ (Praise be to Allah) کے الفاظ بھی تحریر کیے ہیں۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کو ڈیل یا کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مارچ کے آخری ہفتے کی تاریخ دی تھی لیکن پھر انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی حکام نے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے. جس کے بعد اس الٹی میٹم میں 10 روز کی توسیع کرکے 6 اپریل کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی تھی۔ہفتے کے روز انہوں نے ایک بار آبنائے ہرمز کھولنے یا کوئی نیا معاہدہ کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی اور دھمکی دی تھی کہ اس کے بعد ایران پر قیامت ڈھا دی جائے گی۔

Faisal Bukhari

Recent Posts

وزیراعظم کا جولائی میں اوورسیزپاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر ترسیلات زر بھیجنے پر اظہار اطمینان

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے قومی…

19 hours ago

میر رضا قتل کیس میں کور اپ ثابت ہو رہا ہے ملوث افراد بے نقاب ہونا چاہئیں خواجہ آصف

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ میر رضا قتل کیس…

19 hours ago

وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان نیوز پوائنٹ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے…

19 hours ago

حج کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا ہے عازمین گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں وزیر مذہبی امور

پاکستان نیوز پوائنٹ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ…

19 hours ago

ایران کیخلاف ناکہ بندی امریکہ نے 55 تجارتی بحری جہازوں کا راستہ بدل دیا

پاکستان نیوز پوائنٹ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ اس…

19 hours ago

ایران کی سرزمین پر قدم رکھنے والا امریکی فوجی زندہ نہیں بچے گا ایرانی فوجی کمانڈر کی امریکہ کو سخت دھمکی

پاکستان نیوز پوائنٹ ایرانی فوج کے کمانڈر نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر…

19 hours ago