اردو نیوز اپڈیٹس

عالمی موسمیاتی کانفرنس میں وزیراعظم کا دوٹوک پیغام متاثرہ ممالک کو ریلیف فراہم کیا جائے

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو قرضوں کے بجائے گرانٹ کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹ سکیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ترکیہ کے شہر انطالیہ میں سربراہی اجلاس سے خطاب میں سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے فنڈز میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کو بروقت امداد اور ایسی مالی معاونت کی ضرورت ہے جو ان کے قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ نہ کرے۔وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں آنے والی قدرتی آفات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب میں ملک کا ایک تہائی حصہ زیرِ آب آ گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر جب کہ ایک ہزار 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ملکی معیشت کو بھی 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچا تھا۔شہبازشریف نے اگست 2025 میں بونیر میں آنے والے اچانک سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے ایک نوجوان کی دردناک کہانی بھی سنائی. جس کی شادی میں صرف دو دن باقی تھے کہ سیلابی ریلے نے اس کا گاؤں سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگیا اور شادی کی تیاریوں میں مصروف گھر ماتم کدے میں تبدیل ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پاکستان اور ترقی پذیر دنیا کے لاکھوں افراد کی مشکلات کی عکاسی کرتا ہے، جن کا موسمیاتی تبدیلی میں کردار سب سے کم ہے لیکن اس کے بدترین نتائج انہیں ہی بھگتنا پڑ رہے ہیں۔شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ میں چار سال قبل دی گئی اپنی ایک تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان میں پیش آنے والی صورت حال صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گی۔ ان کے بقول بدقسمتی سے ان کی یہ پیش گوئی حقیقت ثابت ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ’موسمیاتی تبدیلی سرحدوں کی پابند نہیں، کوئی ملک تنہا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا لہٰذا عالمی یکجہتی کا حقیقی مطلب عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔‘انہوں نے 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد کرنے پر ترکیہ بالخصوص صدر رجب طیب اردوان، خاتون اول امینہ اردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کوپ 31 کی میزبانی پر بھی ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور مذاکرات کی صدارت کے لیے آسٹریلیا کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہبازشریف نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صرف دو سال میں شمسی توانائی کی صلاحیت میں 20 گیگاواٹ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ان کے مطابق پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں ماحول دوست ذرائع سے حاصل توانائی کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے۔شہباز شریف نے جوہری توانائی کے شعبے میں پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انطالیہ جاتے ہوئے انہوں نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (چشمہ-5) کے گنبد کی تنصیب کا بھی مشاہدہ کیا۔ ان کے مطابق منصوبے کی تکمیل اور فعال ہونے کے بعد یہ 1,200 میگاواٹ صاف اور کاربن کے اخراج سے پاک بجلی پیدا کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی پیش رفت کر رہا ہے اور اس نے 2035 تک متوقع کاربن اخراج میں 50 فیصد تک کمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کو اب عملی اقدامات کی صورت دینے کے لیے کوششیں کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کوپ 31 کی کامیابی کا اندازہ محض کیے گئے وعدوں سے نہیں بلکہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ کتنے خاندانوں کو موسمیاتی آفات سے تحفظ فراہم کیا گیا. متاثرہ ممالک تک کتنے وسائل پہنچائے گئے اور کرۂ ارض کے تحفظ کے لیے کتنے پائیدار اقدامات کیے گئے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آبی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کو کبھی بھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور کسی ملک کو بھی یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ زیریں علاقوں میں آباد آبادیوں کی زندگی اور روزگار کو خطرے میں ڈالے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدوں پر ان کی اصل روح اور مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہئے

Faisal Bukhari

Recent Posts

نئے صوبوں کا بہتر حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لی جائے نئے صوبے بننے چاہئیں عوامی ریفرنڈم کرالیں محسن نقوی

پاکستان نیوز پوائنٹ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا…

21 minutes ago

پالیسیاں بہتر کرکے پاکستان کے منرل سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جاسکتاہے اسحاق ڈار

پاکستان نیوز پوائنٹ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پالیسیاں بہتر بناکر اور عالمی…

33 minutes ago

سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے ترجمان پاک فوج

پاکستان نیوز پوائنٹ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے…

36 minutes ago

سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی

پاکستان نیوز پوائنٹ سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن…

38 minutes ago

سیلز ٹیکس انکم ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹیوں پر چھوٹ میں غیرمعمولی اضافہ

پاکستان نیوز پوائنٹ پاکستان میں بڑھتے ہوئے مالیاتی دباؤ کی ایک بڑی وجہ سیلز ٹیکس،…

40 minutes ago

سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے 2 ڈرونز اور 5 میزائل حملے ناکام

پاکستان نیوز پوائنٹ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حوثی ملیشیا کے 2 ڈرونز اور…

42 minutes ago