پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کو مزید آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال، آزمودہ اور آئرن برادرز کے منفرد رشتے پر قائم ہے جو نسل در نسل منتقل ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد پاک چین دوستی نئی بلندیوں تک پہنچ گئی ہے، پاکستان اور چین ایک منفرد تعلق رکھتے ہیں جو روایتی سفارتی روابط سے کہیں آگے ہے۔ وہ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں چینی نیوز ایجنسی کے زیر اہتمام سی پیک کی تعمیر، 75 سالہ پاک چین دوستی و گلوبل گورننس انیشی ایٹو سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ نہ صرف حکومت بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لئے باعث فخر ہے کہ ہم ایک ایسے لازوال رشتے کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں جو بطور قوم ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل اور ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے مضبوط اور اٹوٹ تعلق نے جوڑ رکھا ہے جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان آئرن برادرز کا رشتہ ایک غیر معمولی اور منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا جہاں پاک چین دوستی کے عزم کی تجدید کی گئی اور اس وژن کو عملی حقیقت میں بدلنے کے لئے نئی تحریک اور حوصلہ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔میں ہمیشہ اپنے چینی دوستوں سے کہتا ہوں کہ یہ دوستی ہمیں نسل در نسل منتقل ہوئی ہے اور یہ ایسی میراث ہے جو ہمیں اپنے بزرگوں سے ملی ہے، جو کہانیاں ہم سنتے ہیں اور جو ترقی ہم نے مل کر حاصل کی ہے وہ غیر معمولی نوعیت کی ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف ایک مشترکہ سرحد رکھتے ہیں بلکہ پہاڑوں، دریاں سمیت ایک مضبوط رشتے میں بھی شریک ہیں جو ہمیشہ کے لئے قابل فخر اور قابل قدر ہے۔ وفاقی وزیر نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں عالمی گورننس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے مختصر مدت میں مثبت نتائج دینا شروع کر دیئے ہیں جس کا مقصد گلوبل ساتھ کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اور ان کی نمائندگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ صدر شی جن پنگ کا اسلام آباد کا دورہ ایک تاریخی سنگ میل تھا جس نے پاکستان اور چین کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات میرا یقین ہے کہ ثقافتی تبادلے، عوامی روابط اور میڈیا تعاون اس شراکت داری اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں نے ثابت کیا ہے کہ پاک چین دوستی ہر موسم میں قائم رہنے والی، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی دوستی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف ادوار اور دہائیوں کے دوران دوطرفہ تعلقات نے مختلف مراحل طے کئے تاہم ہر گزرتے سال کے ساتھ پاک چین دوستی میں مزید مضبوطی اور تسلسل پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی عوامی روابط کے تبادلوں کا ایک عملی نمونہ ہیں، پنجاب حکومت میں بطور نوجوان افسر چین کے دوروں پر جانے والے وفود کا حصہ رہے جہاں آئی ڈی سی پی سی کے ساتھ مسلسل روابط اور تبادلے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان تجربات نے ثابت کیا کہ عوامی روابط کے ایسے تبادلے نہایت مثبت، نتیجہ خیز اور دونوں ممالک کے عوام کے بہتر مستقبل کی بنیاد ثابت ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی حکومت، وزیراعظم اور وزارت اطلاعات کی جانب سے سی پیک کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی گورننس اقدام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب کا اختتام پاک چین دوستی زندہ باد کے الفاظ سے کیا
پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے زرعی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے وفد…
پاکستان نیوز پوائنٹ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف…
پاکستان نیوز پوائنٹ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال…
پاکستان نیوز پوائنٹ سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ تین دن…
پاکستان نیوز پوائنٹ جھنگ : فرسٹ ایئر کی طالبہ ایشال فاطمہ مبینہ طور پر اغواء…
پاکستان نیوز پوائنٹ افغانستان میں فتنہ الخوارج اوربھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئےسرگرم خارجی شہزاد کے…