اردو نیوز اپڈیٹس

پاکستان اور سعودی عرب میں میڈیا ثقافت اور سیاحت کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں۔ یہ تعلق محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے معاشی اور ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے سعودی شہر العلا میں سیاحت کے فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنے کو سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں قرار دیا۔ ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کی۔ فرمان علی خان نے 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والا مواد تیار کرنے میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔ انہوں نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی آگاہی اور اہم حکومتی اقدامات کی تشہیر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

Faisal Bukhari

Recent Posts

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس خیبر پختونخوا کی صورتحال پر غور

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدرات خیبرپختونخوا کی صورت حال پر جائزہ…

2 hours ago

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر آج مزید اچھی خبر ملے گی علی پرویز ملک

پاکستان نیوز پوائنٹ وفاقی وزرا عطاتارڑ اور علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس کی ۔علی…

3 hours ago

وزیراعلیٰ کا اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی تکمیل کے اہداف مکمل کرنے کا حکم

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس…

3 hours ago

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز 17 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

پاکستان نیوز پوائنٹ بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی…

3 hours ago

جاپان میں چور نے کروڑوں کی گھڑی سوری کا نوٹ لکھ کر دکان کو واپس کر دی

پاکستان نیوز پوائنٹ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک لگژری گھڑی کی چوری کا انوکھا…

3 hours ago

امریکی انتخابات انتخابی نتائج پر کروڑوں ڈالر کی شرطیں

پاکستان نیوز پوائنٹ امریکی سیاست میں ہار جیت کا فیصلہ اب صرف ووٹروں کی رائے…

3 hours ago