پاکستان نیوز پوائنٹ
کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، شہداء نے بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ان شہداء کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز سندھ، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کے ذمہ دار عناصر سے حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں، سیکیورٹی فورسز ان کا تعاقب کرکے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کے بہادرجوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے. شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس مقام کا بھی دورہ کیا. جہاں دہشت گردانہ حملہ پیش آیا تھا۔ اس موقع پر سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا.واضح رہے کہ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے رات گئے کراچی صفورہ میں موجود رینجرز کے کیمپ پر حملہ کیا تھا جس میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو کہ افغان شہری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون بروز ہفتہ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب واقع رینجرز کیمپ پر حملے کی کوشش کی۔دہشت گرد ایک دھماکا کرنے کے بعد کیمپ کے اندر گھسنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن وہاں تعینات رینجرز کے بہادر جوانوں نے بنا وقت ضائع کیے انتہائی پھرتی سے جوابی کارروائی کی اور ان کا یہ ارادہ مٹی میں ملا دیا۔ اس شدید مقابلے کے دوران تین حملہ آور موقع پر ہی مارے گئے جب کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والا دہشت گرد افغان شہری ہے، جس سے اب سیکیورٹی ادارے مزید پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔اس مقابلے میں وطن عزیز کے 3 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے جب کہ 4 جوان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور وہاں چھپے ہوئے مزید ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ علاقے کو پوری طرح محفوظ بنایا جا سکے۔پاک فوج کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے نام سے چلنے والے آپریشن کے تحت دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے شہداء کے خون کا ایک ایک قطرے کا حساب لے گا اور اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی۔اس افسوسناک واقعے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہید ہونے والے رینجرز جوانوں کے پسماندگان اور گھر والوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے پیغام میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے پختہ ارادے اور عزم کی علامت ہیں۔عاصم منیر نے یقین دلایا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ان شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
پاکستان نیوز پوائنٹ صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ،وزیر داخلہ محسن نقوی…
پاکستان نیوز پوائنٹ کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر کالعدم تنظیم کا حملہ ناکام بنا…
پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ پر…
پاکستان نیوز پوائنٹ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یورپی یونین کی خارجہ…
پاکستان نیوز پوائنٹ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز…
پاکستان نیوز پوائنٹ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ لبنان کے ساتھ…