پاکستان نیوز پوائنٹ
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی راس تنورہ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر فضائی حملے کیے ہیں۔حوثی باغیوں نے 23 نومبر کو بھی سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع ربیغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل صاف کرنے والی تنصیب راس تنورہ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا ہے جہاں ان کے مطابق آگ بھڑک اٹھی۔حوثی گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے آج بتایا کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع راس تنورہ آئل ریفائنری پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔راس تنورہ سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری ہے اور اس کی یومیہ تیل صاف کرنے کی صلاحیت 5 لاکھ 50 ہزار بیرل ہے۔ یہ سعودی خام تیل کی بڑی برآمدی تنصیبات کے قریب واقع ہے۔اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج نے اعلان کیا تھا کہ مشرقی صوبے کے علاقے راس تنورہ میں فضائی دفاعی نظام نے 4 ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا ہے تاہم اس بیان میں ریفائنری پر حملے کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر کے جائزے میں ریفائنری کے اطراف بڑے پیمانے پر گھنا سیاہ دھواں دکھائی دیا جو تقریباً 600 مربع کلومیٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا تھا۔سعودی حکومت کے کمیونیکیشن دفتر اور سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے فوری طور پر حملے سے متعلق تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔راس تنورہ اس سے قبل بھی حوثیوں کے ساتھ تنازع اور وسیع تر ایران جنگ کے دوران حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔ یہ سعودی عرب کے خلیجی ساحل پر قائم ایک بڑے صنعتی کمپلیکس کا حصہ ہے اور ایران امریکا جنگ کے باعث مغربی ساحل پر واقع ینبع بندرگاہ کی اہمیت بڑھنے سے پہلے سعودی عرب کا مرکزی تیل برآمدی مرکز تھی۔ ینبع کو ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے تیل فراہم کیا جاتا ہے۔دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ریاض کے مالیاتی مرکز پر بھی 3 مراحل میں حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق منگل کو ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور پر حوثی ڈرون حملے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں 2 سعودی، 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری شامل ہیں۔یہ ٹاور سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کا ہیڈکوارٹر بھی ہے اور دارالحکومت کی بلند ترین عمارت ہے۔رائٹرز کے مطابق اس عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل 19 نومبر کو ہونے والے حملے میں عمارت اور قریبی عمارتوں کی کئی منزلوں کو نقصان پہنچا تھا تاہم اس وقت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری تصویر میں ٹاور کے اگلے حصے کے درمیانی حصے پر نقصان کے نشانات دکھائی دیے۔حوثیوں کے تازہ حملوں کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بحرین، مصر اور امریکا کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔تینوں ممالک نے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ریاض میں شہری عمارت کو نشانہ بنانے کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے آج صبح یمن کے مغربی ساحل پر واقع الحدیدہ بندرگاہ پر فضائی حملے کیے۔اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق کارروائی میں بندرگاہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ یمن کے صوبوں صعدہ اور عمران میں بھی متعدد اہداف تباہ کیے گئے۔اتحادی فوج نے کارروائی سے پہلے الحدیدہ کے شہریوں کو بندرگاہ سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔ ترجمان نے سوشل میڈیا پر ایک نقشہ بھی جاری کیا جس میں انخلا کے لیے مخصوص علاقے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو دانستہ نشانہ بنانے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
پاکستان نیوز پوائنٹ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو…
پاکستان نیوز پوائنٹ برطانیہ کی فضائیہ (رائل ایئر فورس) نے ممکنہ ڈرون حملوں اور تخریب…
پاکستان نیوز پوائنٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران…
پاکستان نیوز پوائنٹ امریکا کی وفاقی عدالت نے چین کی معروف ٹیلی کام ٹیکنالوجی کمپنی…
پاکستان نیوز پوائنٹ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے اور…
پاکستان نیوز پوائنٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے…