اردو نیوز اپڈیٹس

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل امریکی عدالت نے چینی کمپنی کو مجرم ٹھہرا دیا

پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکا کی وفاقی عدالت نے چین کی معروف ٹیلی کام ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ کو ایران میں اپنے کاروبار سے متعلق بینکوں کو گمراہ کرنے، امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش کے الزامات میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیویارک کی وفاقی عدالت کی جیوری نے کمپنی کے خلاف دائر 12 میں سے 10 الزامات پر اسے قصوروار ٹھہرایا ہے۔یہ مقدمہ 2018 میں شروع ہوا تھا. 2019 میں امریکی حکومت نے ہواوے کو تجارتی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں امریکی ٹیکنالوجی تک کمپنی کی رسائی محدود ہو گئی تھی۔بروکلین کی وفاقی عدالت میں جیوری نے ہواوے کو بینک فراڈ، الیکٹرانک ذرائع کے ذریعے دھوکہ دہی (وائر فراڈ)، امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش سمیت 10 الزامات میں مجرم قرار دیا۔تاہم جیوری نے کمپنی کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش اور ریکٹیرنگ سازش (جرائم پیشہ کاروباری سرگرمیوں میں منظم طور پر ملوث ہونے) کے الزامات سے بری کر دیا۔ مقدمے کی سماعت دو ماہ سے زائد عرصہ جاری رہی۔امریکی ڈسٹرکٹ جج این ڈونیلی کی جانب سے کمپنی کو سزا سنائے جانے کی تاریخ 14 ستمبر 2027 مقرر ہے۔ تاہم کمپنی کو کن سزاؤں یا مالی جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا، اس بارے میں فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔چین نے امریکی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چینی کمپنیوں کے خلاف امریکی اقدامات کی مخالفت کی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکون نے بدھ کو بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چینی حکومت امریکی کوششوں کی سخت مخالفت کرتی ہے جن کا مقصد چینی کمپنیوں کو دبانا اور ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’چینی حکومت چینی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔واضح رہے کہ ہواوے کے خلاف 2018 میں دائر فردِ جرم میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی نے ایران میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں امریکی بینکوں کو گمراہ کیا۔ امریکی استغاثہ کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے ڈالر کی ترسیل اور وہاں سے رقم کی منتقلی ممکن بنانا تھا۔دسمبر 2018 میں ہواوے کی چیف فنانشل افسر اور کمپنی کے بانی کی بیٹی مینگ وانژو کو امریکی وارنٹ پر کینیڈا میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد امریکا، چین اور کینیڈا کے درمیان سفارتی بحران پیدا ہو گیا۔2020 میں امریکی استغاثہ نے ہواوے کے خلاف مزید الزامات شامل کیے، جن میں دو دہائیوں کے دوران امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش کا الزام بھی شامل تھا۔مقدمے کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہواوے نے مختلف امریکی کمپنیوں کی ٹیکنالوجی اور معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔جیوری کو ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس کے بارے میں استغاثہ کا دعویٰ تھا کہ اس میں ہواوے کا ایک ملازم ٹی موبائل کے ٹیسٹنگ روبوٹ کا ایک حصہ اپنے بیگ میں چھپاتے ہوئے نظر آتا ہے۔اس کے علاوہ عدالت کو بتایا گیا کہ ہواوے کے ایک انجینیئر نے تجارتی نمائش کے دوران ’فوجیٹسو‘ کے اسٹال میں داخل ہو کر ایک ڈیوائس کی تصاویر بنائی تھیں۔ہواوے کے وکیل برائن ہیبرلگ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکی بینک ایران میں کمپنی کے کاروبار سے واقف تھے اور وہ خود بھی ہواوے کے ساتھ کاروباری تعلقات قائم کرنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے تھے۔اپنے اختتامی دلائل میں انہوں نے استغاثہ پر الزام لگایا کہ اس نے دو دہائیوں پر محیط سازش ثابت کرنے کے لیے چند الگ الگ واقعات کو اپنی مرضی سے منتخب کر کے ایک دوسرے سے جوڑا ہے۔ہواوے کے وکیل برائن ہیبرلگ نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ ہواوے کے دنیا بھر میں دو لاکھ سے زائد ملازمین ہیں اور اس کی کاروباری سرگرمیاں تقریباً 170 ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اپنے کاروباری معاملات کو مستحکم رکھنے اور تحقیق و ترقی میں طویل مدتی سرمایہ کاری جاری رکھنے پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

Faisal Bukhari

Recent Posts

پاکستان اور روس کا اہم فیصلہ تجارت توانائی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھایا جائے گا

پاکستان نیوز پوائنٹ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو…

2 minutes ago

برطانوی فضائی اڈوں پر سیکیورٹی سخت ڈرون حملوں سے بچاؤ کے لیے نئی حکمت عملی

پاکستان نیوز پوائنٹ برطانیہ کی فضائیہ (رائل ایئر فورس) نے ممکنہ ڈرون حملوں اور تخریب…

5 minutes ago

امریکی افواج نے ایران کی بیشتر فوجی صلاحیت ختم کر دی ڈونلڈ ٹرمپ

پاکستان نیوز پوائنٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران…

8 minutes ago

حوثیوں کا سعودی عرب میں آئل ریفائنری پر حملہ اتحادی فوج کی بھی یمن میں جوابی کارروائی

پاکستان نیوز پوائنٹ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی راس…

10 minutes ago

عالمی منڈی میں سونےکی قیمتیں گرگئیں ایک ہی دن میں کتنا سستا ہوا؟

پاکستان نیوز پوائنٹ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے اور…

17 minutes ago

وزیراعظم کی پاکستانی خلاباز کو چینی اسٹیشن سے خلائی سفر پر روانگی کی مبارک باد

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے…

23 hours ago