اردو نیوز اپڈیٹس

ننھی بیٹی کو گود میں لیے سینیٹر کا خطاب ایوان میں سب کی توجہ حاصل کرلی

پاکستان نیوز پوائنٹ
پارلیمان میں قانون سازی اور اہم قومی معاملات پر بحث کے دوران عموماً اراکین کو اپنی بات پیش کرتے دیکھا جاتا ہے، لیکن آسٹریلیا کی سینیٹ میں ایک ایسا منظر سامنے آیا جس نے سیاسی بحث سے ہٹ کر بھی سب کی توجہ حاصل کرلی۔ سینیٹر فاطمہ پیمان اپنی شیر خوار بیٹی کو گود میں لیے ایوان سے خطاب کرتی رہیں، جبکہ ننھی بچی ان کی بانہوں میں پرسکون رہی۔یہ منظر اس لیے بھی خاص تھا کہ ایک طرف فاطمہ پیمان اپنے ساتھی اراکین سے مخاطب تھیں تو دوسری طرف وہ ایک ماں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری بھی نبھا رہی تھیں۔ ان کی بیٹی عالیہ کی ایوان میں موجودگی نے کام اور بچوں کی دیکھ بھال کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرنے والی خواتین کی روزمرہ زندگی کی ایک جھلک پیش کی۔العربیہ اردو کے مطابق اس وقت آسٹریلوی سینیٹ میں ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر بل پر بحث جاری تھی۔ اس مجوزہ قانون کا مقصد سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو آن لائن نقصانات سے صارفین کے تحفظ کا پابند بنانا اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ذمہ داریوں کا تعین کرنا ہے۔فاطمہ پیمان کے اس انداز نے ان کے اس سابقہ بیان کی بھی یاد تازہ کردی. جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمان کی خاطر ممتا رک نہیں سکتی۔روزنامہ سڈنی ٹائمز کے مطابق، سینیٹر کا اپنی بیٹی کو ایوان میں لانا اس غیر تحریری توقع کو چیلنج کرتا ہے جس کے تحت اعلیٰ عہدوں پر فائز خواتین سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی گھریلو زندگی اور بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں کو کام کی جگہ سے الگ رکھیں۔فاطمہ پیمان کا پارلیمان تک پہنچنے کا سفر بھی غیر معمولی رہا ہے۔ افغانستان میں پیدا ہونے والی فاطمہ صرف آٹھ سال کی عمر میں پناہ گزین بچی کی حیثیت سے آسٹریلیا پہنچی تھیں۔ طالبان کے دور میں ان کا خاندان افغانستان سے ہجرت کرکے پہلے پاکستان آیا اور کچھ عرصہ یہاں قیام کے بعد آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں آباد ہوگیا۔برسوں بعد 2022 میں وہ لیبر پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی رکن منتخب ہوئیں۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ آسٹریلیا کی وفاقی پارلیمان میں پہنچنے والی پہلی باحجاب خاتون بنیں اور ایوان کی کم عمر ترین اراکین میں بھی شامل ہوئیں۔تاہم 2024 میں فلسطین اور غزہ کی جنگ کے معاملے پر پارٹی پالیسی سے اختلافات کے باعث انہوں نے لیبر پارٹی چھوڑ دی اور اپنی سیاسی جماعت وائس آف آسٹریلیا قائم کرلی۔اب وہ بچوں کی سستی نگہداشت، رہائش اور محنت کش خاندانوں کی مدد جیسے معاملات پر آواز اٹھا رہی ہیں۔ ان کی سیاسی سرگرمیوں میں ایسے مسائل شامل ہیں جن کا تعلق عام خاندانوں کی روزمرہ زندگی سے ہے۔فاطمہ پیمان رواں سال کے آغاز میں مغربی آسٹریلیا کی پہلی ایسی سینیٹر بنی تھیں جنہوں نے اپنی مدتِ ملازمت کے دوران بچے کو جنم دیا۔اس سے قبل ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ماں بننے کے بعد پارلیمانی ذمہ داریاں نبھانے کی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی خاطر ممتا کو روکا نہیں جاسکتا۔آسٹریلوی پارلیمان میں شیر خوار بچوں کی موجودگی ہمیشہ سے قابلِ قبول نہیں تھی۔ کئی دہائیوں تک یہ روایت رہی کہ بچے کی پیدائش کے بعد خواتین اراکین کو ووٹنگ کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت تو تھی، لیکن وہ اپنے شیر خوار بچوں کو ایوان میں نہیں لاسکتی تھیں۔2016 میں پارلیمانی قواعد میں ترمیم کے بعد یہ پابندی ختم کردی گئی۔ نئے ضابطے کے تحت اراکین کو اپنے شیر خوار بچوں کو دیکھ بھال اور دودھ پلانے کے لیے ایوان میں ساتھ لانے کی اجازت دی گئی۔فاطمہ پیمان سے پہلے بھی آسٹریلوی سینیٹ میں ایک خاتون رکن اپنی بچی کو ساتھ لاچکی ہیں۔ مئی 2017 میں گرینز پارٹی کی سینیٹر لاریسا واٹرز پارلیمان میں اپنی بچی کو دودھ پلانے والی پہلی رکن بنی تھیں۔ اسی سال جون میں انہوں نے کان کنوں میں پائی جانے والی بیماری بلیک لنگ سے متعلق ایک تجویز پیش کی تو ان کی بیٹی عالیہ جوئے ان کی گود میں تھی اور دودھ پی رہی تھی۔امریکا میں بھی اس حوالے سے ایک اہم واقعہ پیش آیا۔ 19 اپریل 2018 کو امریکی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ اپنی دس دن کی بیٹی مائلی کو ووٹ ڈالنے کے لیے سینیٹ میں لے کر آئیں۔یہ واقعہ اس قانون میں تبدیلی کے ایک دن بعد پیش آیا تھا جس کے تحت امریکی سینیٹ کے اراکین کو ووٹنگ کے دوران ایک سال سے کم عمر بچوں کو ساتھ لانے کی اجازت دی گئی تھی۔ یوں مائلی اس نئے ضابطے کے تحت ایوان میں آنے والی پہلی بچی بن گئیں۔فاطمہ پیمان کی بیٹی عالیہ کی سینیٹ میں موجودگی نے ایک بار پھر یہ سوال نمایاں کیا ہے کہ پارلیمانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کس حد تک سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔

Faisal Bukhari

Recent Posts

صدر آصف زرداری کا ہنگامی دورہ لاہور اہم سیاسی شخصیت سے ملاقات متوقع

پاکستان نیوز پوائنٹ سیاسی منظر نامے میں اہم پیشرفت کا امکان، صدر آصف علی زرداری…

4 minutes ago

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ کی ملاقات

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعظم نے 25 نومبر کو تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے…

6 minutes ago

کراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کا سیکریٹری بلدیات ڈی سی و ایس ایسی پی ایسٹ کو فوری ہٹانے کا حکم

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیکریٹری بلدیات وسیم ششماد کو…

11 minutes ago

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک

پاکستان نیوز پوائنٹ سیکیورٹی فورسز نے 20 نومبر سے بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور…

13 minutes ago

سونے کی قیمت میں ایک روزہ وقفے کے بعد دوبارہ اضافہ

پاکستان نیوز پوائنٹ عالمی ومقامی صرافہ مارکیٹوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے اور…

14 minutes ago