اردو نیوز اپڈیٹس

پاکستان میں انتہائی حساس اور خطرناک اسرائیلی اسپائے ویئر کا استعمال ایمنسٹی انٹرنیشنل کا انکشاف

پاکستان نیوز پوائنٹ
برطانیہ کی انسانی حقوق کی تنظیم ‘ایمنسٹی انٹرنیشنل’ کی جاری کردہ ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں ایک انتہائی حساس اور خطرناک اسرائیلی اسپائے ویئر استعمال ہورہا ہے۔ اس اسپائے ویئر کا نام ‘پریڈیٹر’ ہے، جسے اسرائیلی کمپنی ‘انٹیلیکسہ’ نے تیار کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسرائیل اور پاکستان کے درمیان کسی قسم کے سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔ بزنس ریکارڈر کے مطابق، یہ انکشاف ”انٹیلیکسہ لیکس“ نامی تحقیق میں سامنے آیا، جس میں بلوچستان کے ایک انسانی حقوق کے وکیل کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ اس وکیل نے واٹس ایپ پر ایک مشکوک لنک موصول ہونے کے بعد 2025 کی گرمیوں میں ایمنسٹی انٹرنیشنل سے رابطہ کیا تھا۔ ایمنسٹی سکیورٹی لیب نے اس لنک کی جانچ کی اور اسے پریڈیٹر اسپائے ویئر کے حملے کی کوشش قرار دیا۔ یہ پاکستان میں اس نوعیت کا پہلا رپورٹ شدہ کیس تھا۔ تحقیق کے مطابق یہ اسپائے ویئر متاثرہ موبائل فون میں داخل ہونے کے لیے ”ون کلک“ تکنیک استعمال کرتا ہے۔ مشکوک لنک پر کلک کرنے کے بعد اسپائے ویئر کروم یا سفاری براؤزر میں موجود کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر فون کے اندر رسائی حاصل کرتا ہے اور پھر مکمل اسپائے ویئر انسٹال ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد یہ فون کے اندر موجود ہر طرح کی معلومات جیسے واٹس ایپ، سگنل میسجز، آڈیو ریکارڈنگز، ای میلز، لوکیشن، اسکرین شاٹس، تصاویر، پاس ورڈز، کانٹیکٹس اور کال لاگز تک رسائی حاصل کرلیتا ہے۔ اسپائے ویئر فون کے مائیک کو بھی خاموشی سے آن کرسکتا ہے۔ ایمنسٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپائے ویئر سے حاصل کی گئی معلومات پہلے ایک نیٹ ورک کے ذریعے مختلف انانومائزیشن سرورز سے گزرتی ہیں تاکہ اصل آپریٹر کی شناخت چھپی رہے، اور بعد ازاں یہ تمام ڈیٹا اس سرور تک پہنچتا ہے جو اس ملک میں موجود ہوتا ہے جہاں یہ اسپائے ویئر استعمال ہورہا ہو۔ انٹیلیکسہ کے متعلق یہ معلومات پہلی بار اس وقت منظرعام پر آئیں جب کمپنی کے اندرونی دستاویزات، تربیتی ویڈیوز اور دیگر حساس مواد لیک ہوا۔ اس تحقیق پر یونان کی تنظیم ‘انسائیڈ اسٹوری’، اسرائیل کے اخبار ہاریٹز اور سوئٹزرلینڈ کی ‘ڈبلیو اے وی ریسرچ کلیکٹو نے بھی ایمنسٹی کے ساتھ مل کر کام کیا۔ گزشتہ سال گوگل نے بھی دنیا بھر میں درجنوں صارفین کو اسپائے ویئر کے خطرے سے متعلق وارننگز بھیجی تھیں جن میں پاکستان کے صارفین بھی شامل تھے۔ گوگل نے بتایا تھا کہ ان کے اکاؤنٹس پریڈیٹر اسپائے ویئر کا ہدف بن چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلیکسہ ‘الہٰ دین’ نامی ایک مزید جدید طریقہ بھی تیار کرچکی ہے جو زیرو کلک اٹیک کے ذریعے دنیا میں کہیں بھی موجود موبائل فون کو خاموشی سے ہیک کرسکتا ہے۔ اس طریقے میں موبائل کے اشتہاری نظام کا استعمال کرتے ہوئے اسپائے ویئر خودکار طریقے سے ہدف کے فون میں داخل ہوجاتا ہے، اور صارف کو کسی بھی لنک پر کلک کرنے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کمپنی سے اس کے آپریشنز اور اسپائے ویئر کے استعمال سے متعلق کئی تفصیلی سوالات کیے لیکن انٹیلیکسہ نے کوئی بھی جواب دینے سے انکار کردیا۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ پریڈیٹر ایک ایسا حساس اور طاقتور اسپائے ویئر ہے جو دنیا کے کئی ممالک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذریعہ بنا، اور اب اس کے آثار پاکستان میں بھی سامنے آرہے ہیں۔

Faisal Bukhari

Recent Posts

پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودیہ کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا وزیراعظم کی سعودی ائیرپورٹس پر حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نیوز پوائنٹ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی…

20 hours ago

مکہ معاہدہ خطے میں استحکام کی ضمانت سعودی عرب کا دفاع کیا جائے گا ترجمان پاک فوج

پاکستان نیوز پوائنٹ افواجِ پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے…

20 hours ago

سعودی عرب پر حملے پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نیوز پوائنٹ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب…

20 hours ago

فیصل کریم کنڈی کا سہیل آفریدی کو مستعفی ہونے کا مشورہ لانگ مارچ پر تنقید

پاکستان نیوز پوائنٹ گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا. لانگ…

20 hours ago

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 7 خوارج ہلاک

پاکستان نیوز پوائنٹ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات…

20 hours ago

ٹرمپ کا وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان

پاکستان نیوز پوائنٹ امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ امریکا 3…

20 hours ago