پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کیلیے وزیر اعظم صحت کارڈ پروگرام کا اجراءکردیا۔وزیر اعظم شہبازشریف نے وزیر اعظم صحت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمزور طبقے کا سہارا بننا ریاست کی ذمہ داری ہے، علاج اور صحت کی سہولیات کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر یہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے، 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحت کارڈ پروگرام کا اجرا ءکیا تھا اور صوبوں میں بڑی تیزی سے یہ پروگرام عوام تک پہنچا اور لاکھوں خاندان اس سے مستفید ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت سے زیادہ زندگی میں کوئی اور چیز قیمتی نہیں ہے، صحت ہوگی تو تعلیم، کھیل اور زندگی کے ہر شعبے میں سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں اور مخالفین کو بھی شکست فاش دے سکتے ہیں, صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے بھائیوں اور بہنوں کیلئے صحت کارڈ کا اجرا ءکیا جا رہا ہے، اس کیلئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکرٹری صحت اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صحت کارڈ کا اجراء عوامی فلاح کے عزم کا تسلسل ہے، پاکستان میں اشرافیہ امریکا، یورپ اور دیگر ممالک میں اپنے اور اپنے بچوں کیلئے مہنگے ترین علاج کا انتظام کروا سکتی ہے لیکن عام آدمی، مزدوروں اور غریب طبقے کیلیے بہت مشکلات ہیں، صحت ہوگی تو انسان باوقار طریقے سے روزگار کما سکے گا، صحت ہوگی تو نوجوان کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کریں گے، صحت ہوگی تو ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے، اس سے دین اور دنیا دونوں میں بھلائی ہوگی، تھرڈ پارٹی کے ذریعے پروگرام میں شفافیت یقینی بنائی جائے، ریاست عام شہری کے علاج کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں صحت کارڈ پروگرام کے اجرا ءکی تجویز بھی قابل غور ہے، سندھ کا یقیناً اپنا پروگرام ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ سے اس حوالے سے بات کر کے اس کا حل نکالیں گے تاکہ وہاں پر بھی یہ سہولت میسر ہو، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی صحت کے پروگرام موجود ہیں، پنجاب میں بھی بڑی کامیابی کے ساتھ صحت کارڈ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اور اربوں روپے اس پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 2016 میں اس پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا، صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایک کروڑ لوگوں کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی، حکومت صحت کی سہولیات ہر شہری تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے، یہ پروگرام ایک کروڑ سے زائد شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے گا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 70 ہسپتال پروگرام میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو وزیر اعظم صحت کارڈ استعمال نہیں کر رہا، باقی تمام صوبوں میں یہ سہولت حاصل ہے، وزیر اعظم کے وژن اور قیادت سے صحت کا نظام مضبوط اور پائیدار ہوگا، وزیر اعظم صحت کارڈ ملک میں صحت کی سہولیات کو عوام تک پہنچانے کا تاریخی قدم ہے، کراچی میں صحت کارڈز کیلئے 16 ہسپتال مختص کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم صحت کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ارشد قائم خانی نے کہا کہ یکم جنوری 2016 کو صحت کارڈ کے جس سفر کا آغاز کیا گیا تھا وہ اب یونیورسل ہیلتھ کوریج کی شکل اختیار کر چکا ہے، غربت سرویز کے مطابق 66 فیصد لوگ خط غربت سے اس لیے نیچے چلے جاتے ہیں کہ وہ صحت کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے، صحت کارڈ پروگرام کا اجراء تاریخی اقدام ہے، اس سے 600 سے زائد ہسپتالوں میں کیش لیس علاج کی سہولت حاصل ہوگی، کہیں بھی رقم کی ادائیگی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، شناختی کارڈ اور بچوں کے ب فارم کو صحت کارڈ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا، صحت کارڈ پروگرام ہر پاکستانی کیلئے کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ 10 سال کی کوششوں کے بعد یہ پروگرام یونیورسل ہے، 600 سے زائد پبلک اور پرائیویٹ ہسپتال کیش لیس علاج فراہم کریں گے، گلگت کے پہاڑی علاقوں سے لے کر گوادر کے ساحلوں تک ہر کسی کو مفت سہولت حاصل ہوگی، یہ نظام مستقبل میں وبائی امراض یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ تقریب میں وفاقی وزرا، ارکان قومی اسمبلی اور دیگر حکام نے شرکت کی،اس موقع پر وزیر اعظم نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیراور گلگت بلتستان کیلئے وزیر اعظم صحت کارڈز بھی تقسیم کیے۔
پاکستان نیوز پوائنٹ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ…
پاکستان نیوز پوائنٹ ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان، نئی آن۔ گفتار ميں، کردار…
پاکستان نیوز پوائنٹ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز…
پاکستان نیوز پوائنٹ پنجاب میں مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے صوبے گیر عوامی آگاہی…
پاکستان نیوز پوائنٹ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی آن لائن تشہیر اور…
پاکستان نیوز پوائنٹ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے ایک اعشاریہ…